ریلوے کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ سبھی ریل گاڑیوں میں اے سی چیئر کار ایگزیکیٹو زمروں کے کرائے
25 فیصد تک کم کردیئے جائیں گے۔ اِن میں وندے بھارت ٹرین بھی شامل ہے۔ اُس نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ، اُن ریل گاڑیوں کے کرائے میں رعایت دینے کی اسکیم کا حصہ ہے، جن میں گذشتہ ایک مہینے کے دوران مسافروں کی تعداد 50 فیصد سے کم رہی ہے۔ ریل گاڑیوں میں مسافروں کی تعداد زیادہ سے زیادہ کرنے کے مقصد سے وزارت نے کہا ہے کہ اُس نے اے سی کی سہولت کے ساتھ ریل گاڑیوں کے کرائے میں رعایت دینے کی اسکیم شروع کرنے کیلئے زونل ریلویز کو اختیارات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مذکورہ اسکیم کا اطلاق Anubhuti اور Vistadome ریل ڈبوں سمیت اے سی میں بیٹھنے کی سہولت والی سبھی ریل گاڑیوں کے اے سی چیئرکار اور ایگزیکیٹیو کلاس میں ہوگا۔ بنیادی کرائے پر زیادہ سے زیادہ 25 فیصد رعایت دی جائے گی۔ ریزرویشن چارج ، سُپر فاسٹ سرچارج اور جی ایس ٹی وغیرہ جیسے دیگر چارجز کا اطلاق الگ سے ہوگا۔ یہ رعایت کسی بھی زمرے یا سبھی زمروں میں فراہم کی جاسکتی ہے لیکن اس کا اطلاق ٹرین میں مسافروں کی تعداد کی بنیاد پر ہوگا۔ وزارت نے کہا ہے کہ اس پر فوری طور سے عمل کیا جائے گا۔