وزیرخزانہ نرملا سیتارمن نے کہاہے کہ مرکز اُن ریاستوں کے لئے قرضہ حاصل کرنے میں سہولت فراہم کرے گا جو مستقبل میں جی ایس ٹی کی رقم کے عوض قرضہ لینے کی مرکز کی تجویز پر عمل کرنے کی خواہشمند ہیں۔وبا کے دوران جی ایس ٹی کی وصولی میں کمی کے پیش نظر ریاستوں کو معاوضہ دینے کے مقصد سے زیادہ تر ریاستوں اور مرکز کے انتظام والے علاقوں کے وزرائے خزانہ نے اِس کی حمایت کی ہے۔
محترمہ نرملا سیتا رمن کَل نئی دلّی میں GST کونسل کی 43 ویں میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کررہی تھیں۔ انہوں نے بتایاکہ 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے خود اپنے طور پر قرضہ لینے سے اتفاق کیا ہے لیکن اِس معاملے پر مکمل اتفاق رائے ابھی نہیں ہوا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ GSTکونسل باقی ریاستوں کے ساتھ اختلافات دور کرنے کیلئے مزید تبادلہ خیال کرے گی۔