رمضان المبارک عالم انسانیت کے لیے باعثِ رحمت:پروفیسر اقتدار محمد خان
،نئی دہلی
”درحقیقت رمضان المبارک کے ایک ماہ کے روزوں کی فرضیت سے مسلمانوں کی تربیت مقصود ہوتی ہے۔اس کے ذریعہ اللہ تعالی اپنے بندوں میں ایسی قوت و استعداد پیدا کرنا چاہتا ہے جو انہیں اگلے گیارہ مہینوں میں حرام و ناجائز چیزوں سے دور رکھے اور تقویٰ کی زندگی گذارنے پر آمادہ کردے۔“ ان خیالات کا اظہار پروفیسر اقتدار محمد خان،صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے آج شعبہ میں بزم طلبہ کی جانب سے منعقدافطار پارٹی میں کیا۔انہوں نے مزید فرمایا کہ یہ ہمدردی اور خیر خواہی کا مہینہ ہے،ہمیں اس مہینے میں غریبوں اور ضرورت مندوں کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔شعبہ کے استادڈاکٹر محمد ارشدنے رمضان کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ اس ماہ کا پہلا عشرہ رحمت،دوسرا مغفرت اور تیسرا جہنم سے آزادی کا ہے،اس لیے ہمیں اس سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونا چاہیے۔ڈاکٹر خورشید آفاق،مشیر بزم طلبہ نے طلبہ کو روزے کی فضیلت سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ روزہ اور قرآن کریم دونوں قیامت کے دن بندے کی شفاعت کریں گے اور اس کے حق میں دونوں کی شفاعت قبول کی جائے گی۔بزم طلبہ کے ذمہ داران عبدالسمیع،محمد ثاقب،ابراہیم خان،محمد اکرم اوران کی ٹیم نے اس موقع پرتمام طلبہ و طالبات کا استقبال کیا اور آپس میں ایک دوسرے سے مل کر شعبہ کی تعمیر وترقی کے سوچنے اور کام کرنے کے لیے مہمیز کیا۔
آخر میں شعبہ کے استاذ ڈاکٹر محمد خالد خان کی امامت میں مغرب کی نماز ادا کی گئی۔اس موقع پر شعبہ کے جملہ اساتذہ جناب جنید حارث، ڈاکٹر محمد مشتاق،ڈاکٹر محمدعمر فاروق،ڈاکٹر جاوید اختر،ڈاکٹر انیس الرحمان،ڈاکٹر محمد اسامہ،ڈاکٹر عمار عبدالحئی،ڈاکٹر محمدمسیح اللہ کے علاوہ ریسرچ اسکالرس،ایم اے اور بی اے کے طلبہ کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔پروگرام کو کام یاب بنانے میں ابوسالم یحییٰ،نداپروین،محمد شہنواز،محمدنعمان،امن عثمان،حکیم مصباح، عالیہ، اقصیٰ،توقیر،عبدالرحمن،احتشام،ابوحمزہ،سکینہ خلود،ساجدہ خاتون،درخشاں اورمنزہ جعفری وغیرہ کا اہم کردار رہا۔