WEB DESK
وسطی دلی میں آج صبح آگ لگنے سے تینتالیس ٤٣ افراد کی موت ہو گئی ہے۔ آج بجھانے والی سروس کے عہدیدار نے کہا ہے کہ انہیں آج صبح 5بجکر 22منٹ پر رانی جھانسی روڈ پر واقع اناج منڈی میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے والی 30 گاڑیاں موقع پر بھیجی گئی ہیں۔ عمارت میں پھنسے 20افراد کو نکالا گیا ہے اور انہیں آر ایم ایل اور ہندو راؤ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
BREAKING NEWS: 43 killed in massive fire in Delhi
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور دلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے المناک واقعے میں لوگوں کی جان ضائع ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
جناب رام ناتھ کووند نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اُنہیں آگ لگنے کے اِس واقعے پر بہت دُکھ ہوا ہے اور وہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتے ہیں۔
جناب نرےندر مودی نے آگ لگنے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ دِلی کی اناج منڈی میں آگ لگنے کا واقعہ انتہائی خوفناک ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکام اِس سانحہ کی جگہ پر ہر ممکن امداد فراہم کررہے ہیں۔ جناب مودی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔
اُنہوں نے وزیراعظم کے قومی راحت فنڈ سے مرنے والوں کے لواحقین کے لئے 2-2 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے، جبکہ آگ میں شدید طور پر زخمی ہونے والوں کو 50-50 ہزار روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے المناک واقعہ پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ فوری بنیاد پر ہرممکن امداد فراہم کی جائے۔
اِدھر دلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے آج صبح اِس واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔
,
دلی سرکار نے مجسٹریٹ سے انکوائری کرانے کا حکم دیا
دِلی سرکار نے قومی راجدھانی میں آگ لگنے کے واقعے کی انکوائری مجسٹریٹ سے کرائے جانے کا حکم دیا ہے۔ دِلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریول نے جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد وسطی دلی کے ضلع مجسٹریٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر رپورٹ پیش کریں۔
جناب کجریوال نے مرنے والوں کے کنبوں کے لئے 10-10 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے، جبکہ زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے اور اُن کا مفت علاج کیا جائے گا۔
BJP کے سرکردہ لیڈر اور مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے بھی آگ لگنے کی جگہ کا دورہ کیا اور کہا ہ BJP مرنے والوں کے کنبوں کو 5-5 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرے گی۔
BJP کی دِلی شاخ کے سربراہ منوج تیواری نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا اور اِسے ایک افسوسناک واقعہ قرار دیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ ابتدائی جانکاری کے مطابق بجلی کے تاروں میں آگ لگنے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا اور دَم گھٹنے کے سبب لوگوں کی موت ہوئی۔