Last Updated on January 13, 2026 12:35 am by INDIAN AWAAZ

بھارت اور جرمنی کے اسٹریٹجک تعلقات مزید مضبوط، 19 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
گاندھی نگر: وزیر اعظم نریندر مودی اور جرمن چانسلر فریڈرک مرز کے درمیان وفود کی سطح کی بات چیت کے بعد بھارت اور جرمنی نے اپنے اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کیا۔ ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دفاع، تجارت، ٹیکنالوجی، صاف توانائی اور نقل و حرکت کے شعبوں میں 19 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے اور 8 بڑے اعلانات کیے گئے۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دونوں ممالک نے دفاعی صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے ہیں، جس میں فوجی ساز و سامان کی مشترکہ تیاری اور ترقی پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔
جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے کہا کہ بھارت اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ رواں ماہ کے اختتام تک طے پا سکتا ہے۔ خارجہ سکریٹری وکرم مصری نے بتایا کہ دو طرفہ تجارت پہلی بار 50 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس دورے کے دوران بھارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے جرمنی میں ویزا فری ٹرانزٹ سہولت اور بھارتی ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی بھرتی کے لیے نیا فریم ورک بھی متعارف کرایا گیا۔
بھارت اور جرمنی نے دفاع، تجارت، ٹیکنالوجی، صاف توانائی اور موبیلٹی کے شعبوں میں اسٹریٹیجک ساجھیداری کو وسعت دینے کے مقصد سے کئی معاہدے کئے ہیں۔
بھارت اور جرمنی نے گجرات کے گاندھی نگر میں وزیراعظم نریندر مودی اور جرمنی کے چانسلر Friedrich Merz کے درمیان اعلیٰ سطح پر وفود کی بات چیت کے تناظر میں اپنی کلیدی ساجھے داری کو مزید مستحکم بنایا ہے۔ جرمنی کے چانسلر Merz کا بھارت کا یہ دورہ ایسے وقت ہوا ہے کہ جب دوطرفہ کلیدی ساجھے داری کو 25 سال مکمل ہوئے ہیں۔ اِس موقع پر دفاع، ٹیکنالوجی اور ماحولیات کیلئے سازگار توانائی سمیت مختلف شعبوں میں 19 مفاہمت ناموں کا تبادلہ کیا گیا اور آٹھ اہم اعلان کئے گئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور جرمنی کے چانسلر Merz نے آئندہ ہونے والی یوروپی یونین-بھارت سربراہ میٹنگ کے اہم نتیجے کے طور پر بھارت اور یوروپی یونین کے درمیان آزاد تجارت کا سمجھوتہ طے پانے کے سلسلے میں اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔جرمنی کے چانسلر نے اِس بات کا عندیہ دیا کہ یوروپی یونین اور بھارت اِس مہینے کے آخر تک آزاد تجارت کا سمجھوتہ طے کرسکتے ہیں۔ اُن کے اِس دورے میں کئی مشترکہ اعلامیوں پر دستخط کئے گئے۔ دونوں ملکوں نے ہنرمند افراد کے ایک دوسرے کے ملک میں جانے اور ہنرمندی کے شعبے میں اشتراک پر خصوصی توجہ دی ہے۔ جرمنی کے چانسلر کے اِس دورے کی ایک خاص بات جرمنی سے گزرنے والے اُن بھارتی شہریوں کیلئے بغیر ویزا کی راہداری سہولت کا اعلان ہے جن کے پاس بھارتی پاسپورٹ ہیں۔
چانسلر Merz کے ساتھ میٹنگ کے بعد مشترکہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ دونوں ملکوں نے مشترکہ ترقی اور مشترکہ پیداوار پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، دفاعی صنعتی اشتراک کو مستحکم کرنے کے اعلامیے پر دستخط کئے ہیں۔ جناب مودی نے زور دیا کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خلاف لڑائی پر متفق ہیں۔ وزیرِ اعظم نے دہشت گردی کو انسانیت کے خلاف سنگین خطرہ قرار دیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بات چیت کے دوران ترقی، مائیگریشن، موبیلٹی اور ہنرمندی کے فروغ پر زور دیا گیا۔ وزیرِ اعظم مودی اور چانسلر Merz نے یوکرین کی صورتحال اور اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل میں فوری اصلاحات جیسے عالمی موضوعات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ چانسلر Merz نے ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال کا ذکر کیا اور پُرامن مظاہرین کی سلامتی کی اپیل کی۔ دونوں رہنماؤں نے محفوظ سپلائی چین کی تعمیر اور مستحکم بین الاقوامی Order کے اپنے مضبوط عزم کو دوہرایا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ بھارت اور جرمنی کے درمیان دو طرفہ تجارت اپنی بلند ترین سطح 50 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی ہے۔ جناب مودی نے مزید کہا کہ2 ہزار سے زیادہ جرمن کمپنیاں طویل عرصے سے بھارت میں موجود ہیں۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے، خارجہ سکریٹری وِکرم مِسری نے کہا کہ جرمن چانسلر کا بھارت دورہ، دفاع، تجارت، موبیلٹی، ہنرمندی، گرین توانائی اور عوام سے عوام کے روابط جیسے شعبوں میں اشتراک پر توجہ مرکوز کرنے میں، ایک اہم پیشرفت ہے۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے معاشی محاذ پر CEO فورَم کے قیام کا خیرمقدم کیا۔ جرمنی نے ماحولیاتی پائیداری کیلئے گرین اور پائیدار ترقیاتی ساجھیداری کے تحت ایک ارب 24 کروڑ یورو کی تازہ فنڈنگ کا اعلان کیا، جس سے PM ای-بس سیوا اور گرین ہائیڈروجن جیسے پروجیکٹوں کی مدد کی جائے گی۔ دونوں رہنماؤں نے گرین ٹیکنالوجی، جدت طرازی اور ماحولیاتی کارروائی میں اشتراک کو بڑھانے کیلئے بھارت- جرمنی سینٹر آف ایکسیلینس کے قیام کے فیصلے کا بھی اعلان کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت کے گرین ہائیڈروجن کے قومی مشن کے تحت Uniper گلوبل کموڈیٹیز کو AM گرین کے ذریعے گرین امونیا کی سپلائی کے سب سے بڑے خرید و فروخت کے معاہدے پر دستخط کئے جانے کا بھی خیرمقدم کیا۔
ثقافتی محاذ پر جرمن میری ٹائم میوزیم کے تعاون سے لوتھَل کے نیشنل میری ٹائم ہیرٹیج کمپلیکس کی ترقی کے معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے۔ اِس کے علاوہ، دونوں ملکوں کے درمیان ادارہ جاتی تعلقات کو وسعت دینے کے مقصد سے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں جامع نقشۂ راہ کا بھی تبادلہ کیا گیا۔ دورے کا اختتام کھیلوں اور نوجوانوں پر زور دینے کے ساتھ ہوا، جس میں یوتھ ہاکی کی ترقی کیلئے ایک نیا معاہدہ شامل ہے۔
یووا شکتی ملک کی تعمیر میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے: وزیر اعظم مودی
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ یووا شکتی اختراعی خیالات، توانائی اور مضبوط مقصدیت کے ساتھ قوم کی تعمیر میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے۔ وہ آج نئی دہلی میں وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جو قومی یومِ نوجوان کے موقع پر منعقد ہوا۔ یہ دن عظیم روحانی رہنما سوامی وویکانند کی یومِ پیدائش کے طور پر منایا جاتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ینگ لیڈرز ڈائیلاگ ایک تاریخی اور منفرد پہل ہے، جس کے ذریعے نوجوانوں کو ملک کی ترقی میں براہِ راست شراکت کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھارت 2047 میں آزادی کے 100 سال مکمل کرے گا، تو یہ آج کے نوجوانوں کی زندگی کے سب سے اہم مرحلے سے ہم آہنگ ہوگا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے نمائش کا دورہ بھی کیا اور نوجوان رہنماؤں سے ملاقات کر کے ان کے خیالات اور اختراعات سے واقفیت حاصل کی۔
مرکزی بجٹ 2026-27 یکم فروری کو پیش کیا جائے گا: اوم برلا
نئی دہلی: لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے آج کہا کہ مرکزی بجٹ 2026-27 یکم فروری بروز اتوار لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 28 جنوری سے شروع ہو کر 2 اپریل تک جاری رہے گا۔ وہ نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سوال کا جواب دے رہے تھے۔
PRAGATI کے 50 اجلاس مکمل، پٹنہ-گنگا ریل کم روڈ پل نمایاں مثال
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کے فلیگ شپ پلیٹ فارم PRAGATI نے اپنا 50 واں اجلاس کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔ 2015 میں شروع کیے گئے اس پلیٹ فارم نے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور عوامی شکایات کے بروقت حل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس سلسلے میں بہار میں پٹنہ-گنگا ریل کم روڈ پل (جے پی سیتو) کو ایک نمایاں مثال کے طور پر پیش کیا گیا۔ یہ 4.5 کلومیٹر طویل پل شمالی اور جنوبی بہار کے درمیان رابطے میں انقلابی بہتری لایا، لاجسٹکس لاگت میں کمی کی اور علاقائی سپلائی چین کو مضبوط کیا۔
دہلی آلودگی: 62 مقامات پر اسمارٹ ٹریفک مینجمنٹ پر زور
نئی دہلی: مرکزی وزیر ماحولیات بھوپیندر یادو نے دہلی کے فضائی آلودگی ایکشن پلان کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے 62 نشاندہی شدہ ٹریفک ہاٹ اسپاٹس پر اسمارٹ ٹریفک مینجمنٹ کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر نے آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں اور غیر قانونی صنعتی یونٹس کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔
بھارت-امریکہ تجارتی مذاکرات جاری، بھارت سب سے اہم شراکت دار: امریکی سفیر
نئی دہلی: بھارت میں امریکی سفیر سرجیو گور نے کہا ہے کہ بھارت اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے پر بات چیت سرگرمی سے جاری ہے۔ نئی دہلی میں عہدہ سنبھالنے کے بعد بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کے لیے بھارت سے زیادہ اہم کوئی شراکت دار نہیں ہے۔
بنگلہ دیش: حراست میں معروف گلوکار پرلے چاکی کی موت، اہل خانہ کا لاپرواہی کا الزام
ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں معروف گلوکار اور عوامی لیگ کے رہنما پرلے چاکی حراست کے دوران انتقال کر گئے۔ اہل خانہ نے جیل انتظامیہ پر طبی لاپرواہی اور تشدد کے الزامات عائد کیے ہیں۔ جیل حکام کے مطابق وہ فالج اور دل کے دورے کے بعد اسپتال میں زیر علاج تھے۔ اس واقعے نے بنگلہ دیش میں قیدیوں کے ساتھ سلوک اور طبی سہولتوں پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
براہ راست ٹیکس وصولی میں 8.82 فیصد اضافہ
نئی دہلی: رواں مالی سال کے دوران ملک میں خالص براہ راست ٹیکس وصولی 8.82 فیصد بڑھ کر 18.38 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس میں کارپوریٹ ٹیکس سے 8.63 لاکھ کروڑ اور غیر کارپوریٹ ٹیکس سے 9.30 لاکھ کروڑ روپے شامل ہیں۔
شیئر بازار میں تیزی، سینسیکس اور نفٹی میں 0.4 فیصد اضافہ
ممبئی: ملکی اسٹاک مارکیٹ کے اہم اشاریے سینسیکس اور نفٹی آج تقریباً 0.4 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔ سینسیکس 302 پوائنٹس بڑھ کر 83,878 پر جبکہ نفٹی 107 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 25,790 پر بند ہوا۔
صدر جمہوریہ نے لوہڑی، مکر سنکرانتی اور دیگر تہواروں پر مبارکباد دی
نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے لوہڑی، مکر سنکرانتی، پونگل اور مگھ بیہو کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ تہوار بھارت کی زرعی روایت اور قومی یکجہتی کی علامت ہیں۔
قومی اسپورٹس گورننس قواعد 2026 نافذ
نئی دہلی: مرکزی حکومت نے قومی اسپورٹس گورننس ایکٹ 2025 کے تحت قومی اسپورٹس گورننس قواعد 2026 کو نوٹیفائی کر دیا ہے۔ ان قواعد کا مقصد کھیلوں میں شفافیت، شمولیت اور سالمیت کو فروغ دینا ہے۔
دہلی، پنجاب سمیت کئی ریاستوں میں شدید کہر کی وارننگ
نئی دہلی: محکمہ موسمیات نے کل پنجاب، چندی گڑھ، ہریانہ اور دہلی میں شدید سے انتہائی شدید کہر کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ بعض مقامات پر سرد دن کی صورتحال رہنے کا بھی امکان ہے۔
