
نئی دلّی میں کَل قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کی طرف سے منعقدہ، دہشت گردی کی روک تھام سے متعلق ایک دو روزہ کانفرنس اختتام پذیر ہوئی، جس میں این آئی اے ، دہشت گردی کی روک تھام کرنے والے سبھی Squads اور سبھی ریاستوں کے، دہشت گردی سے نمٹنے والے یونٹوں نے عہد کیا کہ وہ دہشت گردی کے خطروں کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنی کوششوں میں اور زیادہ تال میل پیدا کریں گے۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے جو ہدایات دیں، اُن میں، جرائم کی تحقیقات، قانونی کارروائی اور اُن کی روک تھام کیلئے، ایک مشترکہ تربیتی طریقۂ کار اور مختلف قومی اعدادو شمار کا، کثیر جہتی استعمال بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کی روک تھام کرنے والی سبھی ایجنسیوں کو اِس طرح کا سخت رویہ اپنانا چاہیے تاکہ کوئی نئی دہشت گرد تنظیم تشکیل نہ پاسکے۔ داخلہ سکریٹری اجے کمار بھلّا نے اختتامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی ایجنسیوں کے ٹیم کی شکل میں کام کرنا اور اشتراک اور تال میل کے ساتھ کی جانے والی کوششوں کو اجاگر کیا تاکہ دہشت گرد اپنا کوئی مالی نظام قائم نہ کرسکیں۔