اعلیٰ انتخابی کمشنر سی ای سی راجیو کمار نے، کمیشن کے مشاہدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے، منصفانہ طرزِ عمل کی یقین دہانی کریں تاکہ آزادانہ، شفاف اور کسی طرح کے لالچ کے بغیر انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے۔ وہ کَل میزورم، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، راجستھان اور تلنگانہ کی قانون ساز اسمبلیوں کے، آئندہ انتخابات کیلئے تعینات کیے جانے والے مشاہدین کی ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ جناب راجیو کمار نے کہاکہ کمیشن، معذور افراد، معمر شہریوں اور خاص طور پر حساس قبائلی گروپوں کو، گھر سے ہی ووٹ دینے اور ایسے پولنگ اسٹیشن قائم کرکے جہاں آسانی سے پہنچاجاسکتاہے، اِس طرح کی خصوصی سہولیات فراہم کرکے، اپنے کام کاج میں، انسانی ہمدردی پر لگاتار توجہ دے رہا ہے۔ انتخابی کمشنر انوپ چند پانڈے نے کہاکہ نہ صرف یہ کہ انتخابات شفاف ہوں بلکہ یہ منصفانہ بھی ہوں۔ انہوں نے مشاہدین کو ہدایت دی کہ وہ سوشل میڈیا پر نظر رکھیں اور اصلاحی اقدامات کو یقینی بنائیں۔انتخابی کمشنر ارون گوئل نے مشاہدین سے کہاکہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ اُن کا کام صحیح معنوں میں پورے جذبے کے ساتھ کیا گیا ہے اور وہ قانون کی بالا دستی کو بھی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ مشاہدین، بھارت کے انتخابی کمیشن ECI کی آنکھیں اور کان ہیں اور وہ کسی بھی طرح کی شکایات کو فوری طور پر نمٹائیں۔