نیویارک کے نو منتخب میئر زہران ممدانی نے اپنی تاریخی کامیابی کے بعد حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج نیویارک کے عوام نے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔ اُنہوں نے پُرجوش انداز میں کہا، ’’میرے دوستو، ہم نے ایک سیاسی خاندان کو شکست دی ہے۔‘‘

زہران ممدانی نے اپنے حریف اینڈریو کوومو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’’میں ان کے لیے ذاتی زندگی میں صرف بھلائی کا خواہاں ہوں، لیکن آج رات کے بعد میں ان کا نام آخری بار لے رہا ہوں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ نیویارک کے شہریوں نے انہیں ’’تبدیلی کے مینڈیٹ‘‘ کے ساتھ منتخب کیا ہے تاکہ ایک ایسا شہر بنایا جا سکے جہاں ہر شخص باعزت زندگی گزار سکے۔

اپنی تقریر میں ممدانی نے نیویارک کے ان تمام متنوع طبقوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ جیت یمنی بوریگا مالکان، سینیگالی ٹیکسی ڈرائیوروں، ازبک نرسوں اور ایتھوپیائی آنٹیوں سمیت ہر اس کمیونٹی کی جیت ہے جس نے امید کو زندہ رکھا۔‘‘
ممدانی کے مطابق، ’’آج ہم نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ امید اب بھی باقی ہے اور نیویارک ایک نیا عہد شروع کر رہا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ان کی کامیابی اُن ایک لاکھ سے زیادہ رضاکاروں کی مرہونِ منت ہے جنہوں نے اس مہم کو ایک ناقابلِ تسخیر قوت میں بدل دیا۔ ممدانی نے کہا، ’’یہ وہ دور ہو گا جب نیویارک کے لوگ اپنے رہنماؤں سے جرات مندانہ وژن اور دیانت داری کی توقع رکھیں گے۔‘‘

اپنی تقریر کے دوران ممدانی نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا، ’’ڈونلڈ ٹرمپ! مجھے علم ہے کہ آپ دیکھ رہے ہیں، میرے پاس آپ کے لیے صرف چار الفاظ ہیں: آواز ذرا اونچی کر لیں۔‘‘
ان کے اس جملے کے ساتھ ہی مجمع میں موجود ہزاروں افراد نے زوردار نعروں سے ہال گونج دیا۔
انہوں نے خبردار کیا، ’’اگر آپ ہم میں سے کسی ایک تک پہنچنا چاہتے ہیں تو آپ کو ہم سب سے ہو کر گزرنا پڑے گا۔‘‘

اسی لمحے امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر ردِعمل دیتے ہوئے لکھا: ’’۔۔۔ اور یہ شروع ہو گیا۔‘‘


راما دواجی: نیویارک کی پہلی خاتونِ اول

زہران ممدانی کے ساتھ ساتھ ان کی اہلیہ راما دواجی بھی عوامی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
راما دواجی ۲۸ سالہ شامی نژاد امریکی فنکارہ اور اینیمیٹر ہیں، جو مشرقِ وسطیٰ کے سماجی اور سیاسی مسائل کو اپنے فن کے ذریعے اُجاگر کرتی ہیں۔

مئی ۲۰۲۵ میں ممدانی نے ایک پوسٹ میں لکھا تھا، ’’راما صرف میری بیوی نہیں بلکہ ایک باصلاحیت فنکار ہیں جنہیں اپنی پہچان کا پورا حق ہے۔‘‘
انہوں نے اسی پوسٹ میں بتایا کہ تین ماہ قبل اُن کی راما سے شادی ہوئی ہے۔ دونوں کی ملاقات ایک ڈیٹنگ ایپ پر ہوئی تھی۔

نیویارک کے میئر منتخب ہونے کے بعد اپنی فتح کی تقریر میں ممدانی نے راما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’’حیاتی، تمہارے بغیر یہ لمحہ ادھورا ہے۔‘‘
’حیاتی‘ عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ہیں ’’میری زندگی‘‘ — اور واقعی، ممدانی کی کامیابی کی خوشی میں سب نے محسوس کیا کہ آج نیویارک نے صرف ایک نیا میئر نہیں، بلکہ ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔