
تمل ناڈو کے کرور میں ایک سیاسی ریلی کے دوران خوفناک بھگدڑ میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 39 ہوگئی ہے۔ اس حادثے میں 50 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 23 کی حالت نازک ہے اور وہ آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔
تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے، جبکہ آئی سی یو میں زیر علاج مریضوں کو 1 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ریٹائرڈ ہائی کورٹ جج جسٹس ارونا جگدیشان کی سربراہی میں ایک رکنی کمیشن بھی قائم کردیا ہے۔
مرکزی حکومت نے بھی ریاستی حکومت سے اس سانحے پر مفصل رپورٹ طلب کی ہے۔
یہ ریلی اداکار و سیاستداں وجے کی پارٹی تملگا ویٹری کژگم (TVK) کے زیر اہتمام منعقد کی گئی تھی۔ وجے نے واقعے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ بے حد افسوسناک ہے۔
ملک کی اعلیٰ قیادت نے بھی گہرا رنج و غم ظاہر کیا ہے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اس اندوہناک حادثے پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔
صدر مرمو نے اپنے تعزیتی پیغام میں متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ نائب صدر رادھا کرشنن نے اس سانحے کو “ناقابلِ بیان صدمہ” قرار دیا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیر اعظم مودی نے بھی لواحقین سے دلی ہمدردی ظاہر کی اور زخمیوں کے فوری صحتیاب ہونے کی دعا کی۔
مرکزی وزرا، جن میں وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر صحت جے پی نڈا اور وزیر زراعت شیو راج سنگھ چوہان شامل ہیں، نے بھی افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔
