اے۔ زی۔ نواب / پٹنہ

مہاگٹھ بندھن (انڈیا بلاک) نے منگل کے روز بہار اسمبلی انتخابات کے لیے اپنا منشور جاری کر دیا۔ اس منشور میں ہر خاندان کے ایک رکن کو سرکاری ملازمت دینے، مفت بجلی فراہم کرنے، پرانی پنشن اسکیم (او پی ایس) کی بحالی، خواتین کے لیے مالی امداد میں اضافہ، اور اقلیتوں کے آئینی حقوق کے تحفظ جیسے اہم وعدے کیے گئے ہیں۔

یہ منشور پٹنہ میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں جاری کیا گیا، جس میں اتحاد کے سرکردہ رہنما تیجسوی یادو، کانگریس لیڈر پون کھیڑا، سی پی آئی (ایم ایل) لبریشن کے جنرل سیکریٹری دیپنکر بھٹاچاریہ اور وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے سربراہ مکیش سہنی موجود تھے۔

یہ 32 صفحات پر مشتمل دستاویز “بہار کا تیجسوی پرن” کے عنوان سے جاری کی گئی، جو اتحاد کے وزیرِاعلیٰ کے امیدوار اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو کے نام سے منسوب ہے۔ منشور میں صنعتی ترقی، روزگار میں اضافہ، خواتین کی خوشحالی اور جرائم سے پاک بہار کی تعمیر کا بھی عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

منشور کے مطابق، حکومت بننے کے 20 دنوں کے اندر ہر خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت کی ضمانت دینے والا قانون لایا جائے گا، جب کہ 20 مہینوں میں ریاست بھر میں نوجوانوں کے لیے روزگار گارنٹی اسکیم نافذ کی جائے گی۔

تمام کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے اور ’جیوتکا دیدیوں‘ کو مستقل کر کے انہیں ماہانہ 30 ہزار روپے تنخواہ دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اتحاد نے پرانی پنشن اسکیم (OPS) دوبارہ نافذ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

’مائی بہن مان یوجنا‘ کے تحت خواتین کو یکم دسمبر سے ماہانہ 2,500 روپے اور آئندہ پانچ برسوں تک سالانہ 30 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ اسی طرح ’بیٹی مائی اسکیم‘ کے ذریعے لڑکیوں کی تعلیم، تربیت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے ساتھ ساتھ بزرگ خواتین کے لیے رہائش، غذا اور مالی مدد فراہم کی جائے گی۔

ہر خاندان کو 200 یونٹ مفت بجلی دینے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔ منشور میں کہا گیا ہے کہ تمام اقلیتی برادریوں کے آئینی حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ وقف ترمیمی بل کو روک دیا جائے گا اور وقف املاک کے انتظام کو شفاف، فلاحی اور عوامی مفاد میں بنایا جائے گا۔

کسانوں کو ان کی تمام فصلوں کی خریداری کم از کم امدادی قیمت (MSP) پر یقینی بنائی جائے گی۔ منڈی نظام کو بحال کیا جائے گا اور ای پی ایم سی ایکٹ (APMC) کو دوبارہ نافذ کیا جائے گا۔

تمام شہریوں کو 25 لاکھ روپے تک کا مفت صحت بیمہ فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ، آبادی کے تناسب کے مطابق پچاس فیصد ریزرویشن کی حد میں اضافہ کے لیے ریاستی اسمبلی کی جانب سے منظور شدہ قانون کو آئین کی نویں شیڈول میں شامل کرنے کی سفارش کی جائے گی۔ دیہی اور شہری بلدیاتی اداروں میں پسماندہ طبقات کے لیے ریزرویشن میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

بہار اسمبلی انتخابات 6 اور 11 نومبر کو ہوں گے، جب کہ نتائج 14 نومبر کو جاری کیے جائیں گے۔