Last Updated on November 10, 2026 12:54 pm by INDIAN AWAAZ

جدہ، ہندوستان اور سعودی عرب نے حج 2027 کے انتظامات سے متعلق دوطرفہ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ معاہدے کے تحت سعودی عرب نے ہندوستان کے لیے ایک لاکھ 75 ہزار 25 عازمین حج کا کوٹہ مقرر کیا ہے۔ یہ معاہدہ جدہ میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور و پارلیمانی امور کرن رجیجو اور سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات کے بعد طے پایا۔
کرن رجیجو 6 سے 9 نومبر تک سعودی عرب کے سرکاری دورے پر تھے۔ ان کے ساتھ وزارت اقلیتی امور کے جوائنٹ سکریٹری (حج) اور حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو افسر بھی وفد میں شامل تھے۔
9 نومبر کو جدہ سپر ڈوم میں دونوں وزرا کے درمیان ہونے والی دوطرفہ ملاقات میں حج 2027 کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تال میل کو مزید مضبوط بنانے اور انتظامی و سفری سہولتوں کو بہتر بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ ہندوستانی عازمین حج کے لیے سفر کو محفوظ، آسان اور آرام دہ بنایا جا سکے۔
اس ملاقات میں سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ دونوں وزرا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حج کے دوران ہندوستانی عازمین کی ضروریات اور سہولتوں کو یقینی بنانے کے لیے دونوں ممالک قریبی تعاون اور رابطہ برقرار رکھیں گے۔
کرن رجیجو نے حج 2026 کے کامیاب انعقاد پر سعودی حکومت کی ستائش کی اور حج 2027 کو بھی کامیاب بنانے کے لیے ہندوستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ دونوں وزرا نے ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تاریخی تعلقات اور عوامی سطح پر مضبوط روابط کا ذکر کرتے ہوئے حج انتظامات میں باہمی تعاون کو دونوں ممالک کی شراکت داری کا اہم حصہ قرار دیا۔
اس سے قبل 8 نومبر کو کرن رجیجو نے چھٹی حج کانفرنس اور نمائش کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کی صدارت میں منعقدہ وزارتی کانفرنس میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے عازمین حج کی فلاح و بہبود اور انہیں بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے سعودی قیادت کی مسلسل کوششوں کو سراہا اور حج 2027 کے کامیاب انعقاد کے لیے ہندوستان کے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔
دورے کے دوران کرن رجیجو نے دیگر ممالک کے وزرا کے ساتھ مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز آل سعود سے بھی ملاقات کی۔
ہندوستانی برادری سے رابطے کے سلسلے میں مرکزی وزیر نے جدہ میں انڈیا ہاؤس میں منعقدہ ’نورِ دیوالی‘ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہندوستانی برادری کے افراد اور حکام سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں ہندوستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ہندوستانی برادری کو دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور خیرسگالی کا اہم ذریعہ قرار دیا۔
کرن رجیجو نے دورے کے دوران ہندوستانی قونصل خانہ، وزارت اقلیتی امور اور حج کمیٹی آف انڈیا کے حکام کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں حج 2027 کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر نے تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے عازمین حج کی سہولت، سلامتی اور فلاح و بہبود کے لیے باہمی تال میل جاری رکھنے پر زور دیا۔
انہوں نے جدہ میں حج سے متعلق اہم مقامات اور ثقافتی مراکز کا دورہ بھی کیا۔
کرن رجیجو کا یہ دورہ اور حج 2027 کے معاہدے پر دستخط ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات اور حج انتظامات میں بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی کرتے ہیں۔ دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہندوستانی عازمین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے اور ان کے سفر کو محفوظ و آرام دہ بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
