آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت (رجسٹرڈ)کے تعزیتی اجلاس میں مرحوم عبدالرشید اگوان کو اہم شخصیات کا خراج عقیدت
نئی دہلی ، 24؍اگست
’’عبدالرشید اگوان ملت کے بے لوث قائد تھے ۔انھوں نے اپنی پوری زندگی ملت کے لیے وقف کردی تھی۔اہم بات یہ ہے کہ کسی مادی اور سیاسی طاقت کے بغیر انھوں نے ملت کے لیے بنیادی خدمات انجام دیں‘‘۔ان خیالات کا اظہارآج یہاں آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت (رجسٹرڈ)کے صدر ڈاکٹر ظفرالاسلام خاں نے اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ مشاورت کی طرف سے ملی ماڈل اسکول کے آڈیٹوریم میںمنعقدہ تعزیتی اجلاس میں انھوں نے کہا کہ ’’میری ان سے شناسائی کا دورانیہ تین دہائیوں کو محیط ہے۔ میں نے انھیں ہمیشہ ملت کے لیے مخلص اور مددگار پایا۔ان کی خدمات کا دائرہ بہت وسیع تھا اور وہ خاموشی کے ساتھ اپنا کام کرنے پر یقین رکھتے تھے‘‘۔ مشاورت کے نائب صدر مفتی عطاالرحمن قاسمی نے کہا کہ ’’عبدالرشید اگوان علم وحلم کے جامع تھے۔ ان کی طبیعت میں بڑی بردباری اور تواضع تھی۔ جب بھی ملتے تو جھک کرملتے تھے‘‘۔مشاورت کے جنرل سیکریٹری معصوم مرادآبادی نے کہا کہ’’ عبدالرشید اگوان بصیرت اور بصارت دونوں کے معاملے میں طاق تھے۔ ان میں بلا کی دوراندیشی اور خوداعتمادی تھی۔ن کے مزاج میں اشتعال نام کی کوئی شے نہیں تھی ۔ یہی وجہ ہے کہ وہ سخت سے سخت بات کا جواب بھی بہت نرمی اور ملائمت کے ساتھ دیتے تھے۔ وہ مفاہمت اور اشتراک عمل کے طرفدار تھے۔‘‘
مشاورت کےورکنگ جنرل سیکریٹری سید تحسین احمد نے کہا کہ ’’عبدالرشید اگوان ایک مکمل تحریک کا نام تھا ۔ان کی تنظیمی ، تحریکی ، سماجی اور معاشی زندگی میں ایک ربط وضبط تھا ۔ وہ علمی اور نظریاتی اختلاف کے معاملے میں بھی بڑے وسیع الذہن تھے اور شدید اختلافات کے باوجود بھی ذاتی تعلقات خراب نہیں کرتے تھے۔‘‘سینئر صحافی سید منصور آغا نے اس موقع پر کہا کہ ’’اگوان صاحب کی شخصیت ہمہ جہت تھی ۔ وہ نیک کام کے لیے ہر کس وناکس کے ساتھ تعاون کے لیے تیار رہتے تھے۔انھیں ہرشخص اپنا سمجھتا تھا‘‘۔ جماعت اسلامی ہند کے اسسٹنٹ سیکریٹری انعام الرحمن نے کہا کہ ’’انسان کی زندگی میں سب کچھ وسائل ہی نہیں ہوتے ۔ اگر اس کا جذبہ صادق ہوتو وہ بغیر وسائل کے بھی کام کرسکتا ہے اور اگوان صاحب اس کی روشن مثال تھے‘‘۔
اس موقع پر ابرار احمد مکی ،ڈاکٹر ایم اے جوہر، ڈاکٹر درخشاں ، شاہد رضا ، اعظم گاندھی ، شاہین کوثر ، رضوان احمداور محمدطیب نے بھی خطاب کیا۔اہم شرکاء میں سینئر صحافی اے یو آصف، قاسم سید، فیروز غازی ایڈووکیٹ، شمس الضحٰی ،ایس ایم نوراللہ،منصور احمد، مشہوداحمد ، محمدیوسف ، انجینئر خلیق الزماں، حامدعلی اختر، اشرف علی بستوی ، عبدالوحید قاسمی، عابدانور اور مازن خان کے علاوہ مرحوم اگوان صاحب کی قائم کردہ ’والنٹیرز آف چینج ‘ کے رضاکاربڑی تعداد میں موجود تھے۔