مولانا طارق جمیل کے بیٹے نے خودکشی کی، پستول سے خود کو گولی ماری: پولیس

فوٹو: فائل

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کا بیٹا عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

آر  پی او ملتان سہیل چوہدری کے مطابق مولانا طارق جمیل کے بیٹے  عاصم جمیل کے سینے پر گولی لگی ہے۔

ٹوئٹر پر پوسٹ میں کہا گیا کہ آج تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے اور اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا، آپ سب سے گزارش ہے کہ اس غم کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

ڈی ایس پی میاں چنوں محمد سلیم نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مولانا طارق جمیل کا بیٹا گولی لگنے سے جاں بحق ہوا اور گولی مولانا عاصم جمیل کے سینے میں لگی۔

عاصم جمیل کو تشویشناک حالت میں تلمبہ رورل ہیلتھ سینٹر پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ڈی ایس پی میاں چنوں کا کہنا ہے کہ عاصم جمیل کی خودکشی کی وجہ سامنے نہ آ سکی۔

ریجنل پولیس آفیسر ملتان سہیل چوہدری نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عاصم نے گھر میں موجود جم میں خود کو گولی ماری ہے اور یہ گولی ان کو سینے میں لگی۔

آر پی او نے دعویٰ کیا کہ انہیں اہلخانہ نے بتایا کہ ڈاکٹر عاصم نے خود کشی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈی پی او جائے حادثہ پر پہنچ رہے ہیں اور واقعے کی ابتدائی تحقیقات جاری ہیں۔

بعدازاں آر پی او سہیل چوہدری نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں عاصم جمیل کو خود کو سینے میں گولی مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ہم نے فوٹیج کو تحویل میں لے لیا ہے اور اسے فارنزک تجزیے کے لیے بھیج رہے ہیں۔

دوسری جانب خاندانی ذرائع کے مطابق مولانا عاصم جمیل کی موت گن صاف کرتے اچانک گولی چلنے سے ہوئی ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پولیس کے دعوؤں کے برعکس مولانا طارق جمیل کی ٹوئٹر پوسٹ میں بھی واقعے کو حادثہ قرار دیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شواہد اور فارنزک رپورٹ کی روشنی میں موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی پی او خانیوال اور جائے حادثہ پر موجود دیگر سینئر پولیس افسران نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔

معروف سیاسی اور سماجی شخصیات نے بیٹے کے انتقال پر مولانا طارق جمیل سے تعزیت کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم نے خودکشی کی ہے۔

ریجنل پولیس افسر (آر پی او) ملتان کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا طارق جمیل کے بیٹے نے خودکشی کی ہے، ڈی پی او نے خودکشی کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی ہے۔

آر پی او ملتان کے مطابق عاصم جمیل نفسیاتی مریض تھے اور کئی سال سے ادویات لے رہے تھے، انہوں نے 30 بور کے پستول سے اپنے آپ کو گولی ماری۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عاصم جمیل نے اپنے ملازم عمران سے پستول منگوایا، چھاتی کی جانب پستول کیا تو عمران نے ایسا کرنے سے منع کیا۔

پولیس کے مطابق عاصم جمیل نے پسند کی شادی کی تھی اوربعد میں طلاق ہوگئی تھی۔