پولیس انتظامیہ کے جانب دارانہ رویہ کی وجہ سے بے قصوروں کی گرفتاریوں کو لیکر غم و غصہ کے ساتھ ساتھ خوف و ہراس کا ماحول

نئی دہلی: 14اگست 2023
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی کی خصوصی ہدایت جمعیۃ علماء دہلی کے ایک وفد نے مولانا محمد مسلم قاسمی صدر جمعیۃ علماء دہلی کی قیادت میں میوات کے تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور تفصیلی طور پر حالات کا جائزہ لیا نیز متاثرین کی بلا تفریق مذہب و ملت نقد کی شکل میں امداد کی کی گئی وفد میں شامل مفتی عبدالرازق مظاہری ناظم اعلٰی جمعیۃ علماء دہلی نے متاثرین کے بیانات اور حالات کے جائزہ کی بنیاد پر مرکزی دفتر جمعیۃعلماء ہند میں تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اولا تو یہ حکومت اور انتظامیہ کی سراسر ناکامی ہے کہ فرقہ پرستوں کی جانب سے نفرت انگیز تقاریر کرنے کے باوجود نہ تو انکے خلاف قانونی کارروائی کی گئی اور نہ ہی تحفظ کے مکمل انتظامات کئے گئے۔ مقامی لوگوں نے جن میں وہاں غیر مسلم برادران بھی شامل ہیں بتایا کہ یہاں پر آپس میں ہندو اور مسلمانوں کے درمیان کسی طرح کا کوئی اختلاف نہیں ہے باہر سے ہتھیاروں سے لیس آنے والے لوگوں کے اشتعال انگیز نعرے اور بیانات کی بنیاد پر یہ حادثہ پیش آیا ۔ہم لوگ مدتوں سے یہاں پر آپس میں پیار و محبت سے رہتے ہوئے آئے ہیں حکومت نے اپنی ناکامی کاغصہ مسلمانوں پر اتارتے ہوئے انکی دوکانوں اور مکانوں کو بغیر پیشگی کوئی نوٹس دیئے ہوئے زمیں بوس کردیا جنکے پاس سر چھپانے تک کا انتظام نہیں ہے۔ وفدنے متاثرین کو نقد کی شکل امداد کی جن میں کچھ غیر مسلم بھی شامل تھے جنکے مکانات مسمار کئے گئے ہیں۔ جب وفد نے غیر مسلموں کی امداد کرتے ہوئے بات چیت کی تو انکا کہنا تھا کہ ہم لوگ یہاں پر ہمیشہ سے بہت سکون کے ساتھ پیار و محبت سے رہتے ہیں ہمیں یہاں پر کسی طرح کی کبھی بھی کو پریشانی نہیں ہوئی اورآج بھی اس مصیبت کی گھڑی میں آپ (جمعیۃعلماء ہند) کے علاوہ کسی نے ہماری مدد نہیں کی۔
وفد نے تفصیلی جائزہ لینے کے بعد محسوس کیا کہ عوام میں پولیس انتظامیہ کے جانب دارانہ رویہ کی وجہ سے بے قصوروں کی گرفتاریوں کو لیکر غم و غصہ کے ساتھ ساتھ خوف و ہراس کا ماحول ہے نوجوان ناجائز گرفتاریوں کے ڈر کی وجہ سے گھروں میں نہیں سو پارہے ہیں۔حکومت ہریانہ سے ہمارا مطالبہ ہے کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے غیر جانب دارانہ طور پر اصلی گنہگاروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور بے قصوروں کی گرفتاری پر روک لگاتے ہوئے امن و امان کے استحکام کے لیے کام کیا جائے۔وفد میں مولانا محمد مسلم قاسمی کے علاوہ مفتی عبدالرازق مظاہری ناظم اعلٰی جمعیۃعلماء صوبہ دہلی. قاری دلشاد قمر مظاہری نائب صدرجمعیۃعلماء دہلی. قاری محمد ساجد فیضی سکریٹری جمعیۃعلماء دہلی. ڈاکٹر رضاء الدین شمس رکن عاملہ جمعیۃعلماء دہلی، مولانا حکیم الدین اشرف قاسمی ،مولانا محمد شوکت سابق ناظم اعلیٰ متحدہ پنجاب. حاجی رمضان مالب، محمد نوید حافظ فرحان وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔