صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ دیکھنے سے معذور افراد کو ہمدردی کی نہیں، بلکہ تعلیم اور روزگار کے شعبے میں برابر کے مواقع کی ضرورت ہے، تاکہ اُنہیں بااختیار بنایا جاسکے۔ نئی دِلی میں نیشنل فیڈریشن آف دی بلائنڈ کی گولڈن جوبلی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہاکہ حکومت مختلف اقدامات کے ذریعے معذور افراد کو بااختیار بنانے کی مسلسل کوششیں کررہی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ معذور افراد کو باعزت زندگی فراہم کرنا پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ صدرجمہوریہ نے کہاکہ ہمیں اِس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ اُنہیں مناسب تعلیم، روزگار کے مواقع اور ایک محفوظ اور بہتر زندگی فراہم ہو۔ اُنہوں نے گزشتہ پچاس برس میں دیکھنے سے معذور لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے میں نیشنل فیڈریشن آف دی بلائنڈ کے اہم رول کی ستائش کی۔سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے وزیر ویریندر کمار نے کہا کہ جب سے مودی حکومت اقتدار میں آئی ہے، دیکھنے سے معذور افراد کی بھلائی کیلئے بہت سے اقدامات کئے گئے ہیں۔