
اے ایم این / نئی دہلی
دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی سنگین ہونے کے باعث اسٹیج-4 کو فوری طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔ دارالحکومت میں فضائی معیار ’سیویئر پلس‘ سطح پر پہنچ چکا ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 450 سے تجاوز کر گیا ہے۔
کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (CAQM) نے دہلی-این سی آر میں پہلے سے نافذ GRAP اسٹیج-1، 2 اور 3 کے ساتھ ساتھ اسٹیج-4 کے تحت تمام سخت اقدامات لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب آج صبح شہر کا AQI خطرناک حد کو عبور کر گیا۔
GRAP اسٹیج-4 کے تحت غیر ضروری تعمیراتی اور انہدامی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جن میں زمین کی کھدائی، پائلنگ، ٹرنچنگ، سڑکوں کی تعمیر اور بڑی مرمت کے کام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دہلی کے باہر رجسٹرڈ BS-4 ڈیزل لائٹ کمرشل گاڑیوں کے دارالحکومت میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے، تاہم ضروری اشیاء کی ترسیل اور لازمی خدمات فراہم کرنے والی گاڑیوں کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
فضائی آلودگی میں مزید بگاڑ کو روکنے کے لیے CAQM کی ذیلی کمیٹی برائے GRAP نے پورے این سی آر میں ’سیویئر پلس‘ فضائی معیار کے تحت اسٹیج-4 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سینٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ (CPCB) کے مطابق دہلی کے آنند وہار علاقے میں AQI تقریباً 488 ریکارڈ کیا گیا، جسے انتہائی سنگین زمرے میں رکھا گیا ہے۔
