
آج ملک میں اور دنیا بھر میں 75 واں یومِ آزادی حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے ۔ وزیر اعظم نریندمودی نے آج 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر دلّی میں لال قلعہ کی فصیل پر قومی جھنڈا لہرایا اور ملک سے خطاب کیا۔ انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا ۔ اِس سال پہلی مرتبہ وزیراعظم نے جیسے ہی قومی پرچم لہرایا۔ بھارتی فضائیہ کے دو MI-17 ہیلی کاپٹروں نے وہاں پھولوں کی بارش کی۔ لال قلعہ کی فصیل سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے 75 ویں یوم آزادی پر تمام لوگوں کو ، بھارت سے محبت کرنے والے سبھی لوگوں کو اور پوری دنیا میں جمہوریت سے محبت کرنے والے تمام لوگوں کو مبارکباد دی۔
انہوں نے اُن مجاہدین آزادی کو یاد کیا جنہوں نے اِس عظیم ملک کے لئے اپنی جانیں قربان کردیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ چاہے وہ پہلے وزیراعظم جواہرلال نہرو ہوں، سردار پٹیل ہوں، جنہوں نے ملک کو ایک متحد قوم میں تبدیل کیا، یا بابا صاحب امبیڈکر ہوں جنہوں نے بھارت کو مستقبل کا راستہ دکھایا، ملک اُن سب کو یاد کرتا ہے اور اُن سب کا مقروض ہے۔
جناب مودی نے ٹوکیو اولمپک 2020 میں تمغہ جیتنے والوں کو مبارکباد دی ، جنہوں نے ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی ترقی کے سفر میں ہمیں اپنی تقریبات کو ”امرت مہوتسو“ تک ہی محدود نہیں رکھنا ہے بلکہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جب ہم بھارت کی آزادی کا ایک سو سالہ جشن منائیں تو ہم اپنے مقاصد کو حاصل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ سب کا ساتھ ، سب کا وِکاس ، سب کا وِشواس اور سب کا پریاس قوم کی توقعات کو پورا کرنے کیلئے اہم ہے ۔
وزیر اعظم نے اِس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ جل جیون مشن کے صرف دو برس کے اندر ہی چار کروڑ 50 لاکھ خاندانوں کو نل سے جل ملنا شروع ہوگیا ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کو نئی بلندی تک پہنچانے کیلئے حکومت نے ملک کے پسماندہ طبقات کو ریزرویشن فراہم کرنے کی غرض سے OBC بل کو منظوری دے دی ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ چاہے مشرقی بھارت ہو ، شمال مشرق، جموں و کشمیر ، پورے ہمالیائی خطے سمیت لداخ کا خطہ ہو ، ساحلی پٹی ہو یا قبائلی خطہ ، یہ تمام علاقے مستقبل میں بھارت کی ترقی کیلئے ایک بڑی بنیاد بنیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ لداخ یکسر تبدیلی کے ایک نئے دور سے گزر رہا ہے، جہاں حکومت عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ماحولیاتی تحفظ کو بھی قومی تحفظ کی طرح ہی یکساں اہمیت دے رہا ہے ۔
