پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بالآخر شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کو نامناسب مواد نہ ہٹائے جانے پر ملک میں بند کردیا۔پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹک ٹاک، دی گئی مدت کے دوران ایپلی کیشن سے نامناسب اور متنازع مواد کو ہٹانے میں ناکام رہا، جس کی وجہ سے ہی ٹک ٹاک کو ملک میں بند کیا جا رہا ہے۔پی ٹی اے کے مطابق چینی ایپلی کیشن کی انتظامیہ کو بار بار متنازع اور نامناسب مواد ہٹانے کے لیے ہدایات جاری کی گئیں، تاہم ایپ انتظامیہ ایسا کرنے میں ناکام رہی۔
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے مطابق متنازع اور نامناسب مواد کو نہ ہٹائے جانے کی وجہ سے ہی ٹک ٹاک پر 9 اکتوبر سے پابندی عائد کردی گئی۔خیال رہے کہ پی ٹی اے گزشتہ چند ماہ سے ٹک ٹاک انتظامیہ کو متنازع اور نامناسب مواد کو ہٹانے سے متعلق احکامات جاری کرتی آ رہی تھی اور ایک موقع پر پی ٹی اے نے چند ایپس کو بند بھی کردیا تھا۔پی ٹی اے نے رواں برس جولائی میں ٹک ٹاک انتظامیہ کو نامناسب مواد پر ٹک ٹاک کو ‘حتمی وارننگ’ جاری کی تھی، علاوہ ازیں گزشتہ چند ماہ میں پی ٹی اے نے متعدد بار ایپ انتظامیہ کو غیر اخلاقی ویڈیوز ہٹانے کے نوٹسز بھی جاری کیے تھے۔پی ٹی اے کی جانب سے نوٹسز جاری ہونے کے بعد ٹک ٹاک نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے پاکستان سے درجنوں متنازع ویڈیوز کو ہٹادیا ہے جب کہ وہ اخلاقی اور اچھا مواد تیار کرنے کے لیے حکومت اور مواد تیار کرنے والے افراد کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔علاوہ ازیں ٹک ٹاک کو بند کرنے کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ میں عام شہری کی جانب سے
درخواست بھی دائر کی گئی تھی۔رواں برس جولائی میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ ملک میں اس اپیلی کیشن کے استعمال کرنے والے 10 سے زائد افراد کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔مزید برآں یہ بھی کہا گیا کہ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن سوشل میڈیا پر ریٹنگ اور شہرت کے لیے پورنوگرافی پھیلانے کا ذریعہ بھی بن رہی ہے۔