صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ بیرون ملک آباد بھارتی افراد عالمی نظام میں ایک اہم اور منفرد قوت بن گئے ہیں۔ صدر جمہوریہ نے آج مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں 27 غیر مقیم بھارتی افراد کو پرواسی بھارتیہ سمان سے سرفراز کیا۔ 17 واں پرواسی بھارتیہ دوس کنونشن آج ختم ہوگیا۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کنونشن کے اختتامی اجلاس سے خطاب کیا اور کہا کہ بیرون ملک آباد بھارتی افراد نے غیر معمولی لگن اور سخت محنت سے کام کیا ہے اور کئی چیلنجوں پر عبور حاصل کرکے مختلف شعبوں میں شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر جیوتر آدتیہ سندھیا اور کئی دیگر وزیروں نے اِس تقریب میں شرکت کی۔x
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی 17ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کنونشن کے موقع پر صدرِ جمہوریہ سُرینام سے ملاقات
ہندوستان کی صدر محترمہ دروپدی مرمو نے آج (10 جنوری 2023) مدھیہ پردیش کے اندور میں جمہوریہ سُرینام کے صدر جناب چندریکا پرساد سنتوکھی سے ملاقات کی۔
صدر سنتوکھی اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ 17ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کنونشن میں اُن کی شرکت دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ انہیں یہ جان کر مسرت ہوئی کہ سُرینام میں ہندوستانی برادری نے ہندوستان چھوڑنے کے 150 سال بعد بھی اپنی ثقافتی شناخت برقرار رکھی ہے۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ سرینام جون 2023 میں ہندوستانیوں کی آمد کی 150 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ تقریبات کی ہر طور سے کامیابی کی خواہش کی۔ انہیں یہ جان کر فخر کا احساس ہوا کہ زبردست جغرافیائی فاصلے کے باوجود سُرینام میں ہندی بڑے پیمانے پر بولی جاتی ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور سُرینام کے درمیان تعاون اچھی طرح سے آگے بڑھ رہا ہے۔ باقاعدگی سے اعلیٰ سطح کے دورے ہمارے بڑھتے ہوئے تعلقات کو تقویت دے رہے ہیں۔ انہوں نے سُرینام میں تکنیکی تعاون کو بڑھانے اور صلاحیت سازی اور ہنرمندی کی ترقی میں تعاون کے لیے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمیں باہمی فائدے کے لیے اپنی تجارت کو وسعت دینے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے علاوہ تجارت، توانائی، ٹیکنالوجی اور ثقافت میں تعاون کو آگے بڑھانے کی صورتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔