وزیراعظم نریندر مودی نے اپیل کی ہے کہ مختلف ملکوں میں آباد ہندوستانیوں کی زندگی، جدوجہد اور حصولیابیوں کو دستاویزی شکل دی جائے۔ وہ اندور میں 17ویں پرواسی بھارتیہ دِوس کا افتتاح کرنے کے بعد اظہار خیال کر رہے تھے۔ جناب مودی نے بھارت نژاد لوگوں سے زور دے کر کہا کہ وہ عالمی نظام میں بھارت کے منفرد عالمی ویژن اور اس کے اہم کردار کو مستحکم کریں۔ جناب مودی نے کہا کہ آج دنیا بھارت کی جانب امید اور یقین کی نظروں سے دیکھ رہی ہے اور بھارت نژاد افراد ملک کے برانڈ سفیر کی حیثیت سے ایک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ مختلف شعبوں میں بھارت کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ بھارت دنیا میں علم اور جانکاری کے مرکز کے ساتھ ساتھ ہنرمندی کا مرکز بننے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج بھارت دنیا کی سرکردہ معیشتوں والے ملکوں میں شامل ہے اور یہاں سب سے بڑا اسٹارٹ اپ نظام موجود ہے۔ ساتھ ہی بھارت Tejas اور Arihant جیسی جدید ترین ٹیکنالوجی کا باوا آدم ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا ہمارے مستقبل کے ساتھ ہماری رفتار اور ہماری ہنرمندی کے بارے میں جاننا چاہتی ہے۔ وزیراعظم نے بھارت نژاد افراد سے زور دے کر کہا کہ وہ ثقافتی اور روحانی معلومات کے ساتھ ساتھ بھارت کی ترقی کے بارے میں باخبر رہیں تاکہ وہ دنیا کو بھارت کے بارے میں بتا سکیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نژاد افراد کا امرت کال کے دوران بھارت کے سفر میں ایک اہم مقام ہے۔