محبت کے نام پر سب سے زیادہ ٹھگی


جاوید اختر
ہندوستان میں غیر قانونی کال سینٹر چلانے والے یہ ٹھگ امریکی شہریوں بالخصوص معمرافراد کو اپنا نشانہ بنارہے ہیں۔صورت حال کی سنگینی کے مدنظرامریکی تفتیشی ایجنسی، ایف بی آئی کو نئی دہلی میں اپنا ایک مستقل نمائندہ مقررکرنا پڑا ہے۔امریکی وفاقی تفتیشی ایجنسی، ایف بی آئی، نے اپنی ایک تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ ہندوستان سے غیر قانونی کال سینٹر چلانے اور لوگوں کو ٹھگنے والے گروہوں نے رواں برس نومبر تک امریکہ کے شہریوں سے دس ارب ڈالر یعنی آٹھ کھرب روپے سے زیادہ ٹھگ لیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹھگوں نے سب سے زیادہ نشانہ 60برس سے زائد عمر کے افراد کو بنایا، جن سے گزشتہ دو برسوں میں تین ارب ڈالر سے زیادہ ٹھگے جاچکے ہیں۔یہ ٹھگی بالعموم غیر قانونی طور پر چلائے جانے والے کال سینٹروں کے ذریعہ انجام دی جاتی ہے۔ ٹھگ امریکہ میں رہنے والے افراد کو تکنیکی امداد فراہم کرنے یا دیگر قسم کی معاونت کی آڑ میں نشانہ بناتے ہیں۔
ایف بی آئی کی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ رواں برس کے گذشتہ 11مہینے میں ہی امریکی شہریوں کے 10.2ارب ڈالر ٹھگے جاچکے ہیں۔ اس سے پچھلے برس یعنی سن 2021کے مقابلے یہ اعدادو شمار 47فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ برس 6.9ارب ڈالر کی ٹھگی ہوئی تھی۔
دہلی میں ایف بی آئی کا خصوصی مرکز قائم
امریکی شہریوں کے ساتھ اتنے بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کے واقعات کے مدنظر ایف بی آئی نے نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے میں اپنا ایک خصوصی نمائندہ مقرر کیا ہے۔
یہ افسر سی بی آئی، انٹرپول اور دہلی پولیس کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔ اس کا مقصد ٹھگی کرنے والے گروہوں کا پردہ فاش کرنا اور امریکہ سے بھیجے جانے والی رقم کو درمیان میں ہی روک دینا ہے۔یہ کرپٹو کرنسی کے ذریعہ بھارت سے سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کو بھیجی جانے والی رقومات پر بھی نگاہ رکھتا ہے۔ایف بی آئی کے جنوبی ایشیا کے سربراہ سہیل داود نے اس حوالے سے کہا کہ،”گوکہ یہ ابھی قومی سلامتی کا مسئلہ نہیں ہے تاہم اس میں ملوث (ایک ملک کے) وقار کا سوال تو بہر حال ہے ہی۔ اور ہم نہیں چاہتے کہ ہندوستان کو اس محاذ پر نقصان پہنچے۔”
سب سے زیادہ ٹھگی محبت کے نام پر
سہیل داود کا کہنا تھا کہ نومبر 2022تک ایف بی آئی کی ویب سائٹ پر 7.8لاکھ شکایتیں درج کرائی گئی ہیں۔جن کے مطابق لوگوں کا تقریباً10.2ارب ڈالر نقصان ہوچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ امریکیوں کے ساتھ جھوٹے وعدے اور محبت کے نام پر بھی دھوکہ دہی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ محبت کے نام پر اس برس نومبر تک امریکیوں سے تقریباً آٹھ ہزار کروڑ روپے ٹھگ لیے گئے جب کہ سن 2021 میں پورے سال میں اتنا نقصان ہوا تھا۔
ہندوستان میں سائبر جرائم میں اضافہ
وزارت داخلہ نے حال ہی میں ایک رپورٹ جاری کی تھی، جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں سائبر جرائم میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں سائبر جرائم کے روزانہ 1500شکایتیں موصول ہوتی ہیں جن میں سے تقریباً 30 میں ایف آئی آر درج کی گئی۔اس کا مطلب یہ ہے کہ 2فیصد سے بھی کم واقعات میں کیسز درج ہورہے ہیں۔امور داخلہ کے وزیر مملکت نے پارلیمان کو بتایا تھا کہ 30اگست 2019کو حکومت نے نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل شروع کیا تھا، جہاں سائبر جرائم کی شکایت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جنوری 2020 سے 7دسمبر 2022کے درمیان ملک میں سائبر جرائم کے 16لاکھ سے زائد شکایتیں درج کرائی گئیں۔
اس ماہ کے اوائل میں دہلی پولیس نے قومی دارالحکومت میں چلائے جانے والے ایک غیر قانونی کال سینٹر کا پردہ فاش کیا تھا او رتین افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔اس کیس میں کینیڈا کی پولیس نے ٹورنٹو سے سے ایک شخص کو حراست میں لیا تھا۔(ا ے ایم این)