قومی صدر ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے کی ملاقات-

نئی دہلی،

ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے کل بی ایس پی کے ممبر پارلیمنٹ جناب کنور دانش علی سے ان کے گھر جاکر ملاقات کی اور پارلیمنٹ میں ان کے ساتھ ہوئی بدتمیزی اور بیہودگی پر اظہار افسوس کیا-
پارٹی کے قومی صدر نے محترم دانش علی صاحب سے کہا کہ بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ نے اپنی تقریر میں آپ کے خلاف جن بیہودے، ناشائستہ، فرقہ وارانہ اور زہریلے الفاظ کا استعمال کیا ہے وہ نہ صرف جمہوری و پارلیمانی روایات کے خلاف ہیں بلکہ اس نے پوری دنیا میں ملک کی شبیہ کو شدید نقصان پہنچایا ہے- اس واقعہ پر جس کی ویڈیو ملک و بیرون ملک بہت زیادہ وائرل ہوئی ہے، نہ صرف بی جے پی کی اصل تصویر کو بے نقاب کیا ہے بلکہ ملک کے ہر انصاف پسند اور امن پسند شہری کو بھی شرمسار کیا ہے۔ یہ صرف آپ کی ذات پر حملہ نہیں ہے بلکہ پوری ملت اسلامیہ ہندیہ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے اس پر پارلیمنٹ اسپیکر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ممبر موصوف کے خلاف ضابطہ کی کاروائی کریں ۔ اسی طرح ہم نے جہاں ایک طرف بی جے پی کے صدر جے پی نڈا سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر رمیش بدھوری کو پارٹی سے برخواست کریں وہیں وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنی پارٹی کے ممبر و ایم پی کی اس شرمناک حرکت پر پورے ملک سے معافی مانگیں۔
ڈاکٹر الیاس نے محترم دانش علی صاحب سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم اور ہماری پارٹی پوری طرح آپ کے ساتھ ہے, آپ اس واقعہ سے ہرگز بھی دلبرداشتہ نہ ہوں اور نہ ہی پارلیمنٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دیں، جن لوگوں نے ملک کی تصویر کو داغدار کیا ہے، استعفیٰ تو انھیں دینا چاہیے۔ اس معاملہ میں نہ صرف پوری ملت آپ کے ساتھ کھڑی ہے وہیں ملک کے تمام اصاف پسند لوگ بھی آپ کے ساتھ ہیں۔ محترم کنور دانش نے قومی صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں برابر عام انسانی سماج کو درپیش مسائل اٹھاتے رہیں گے۔ اس واقعہ کے بعد سے لگاتار سیاسی جماعتوں کے قائدین، ملک کے انصاف پسند لوگ اور میرے حلقہ انتخاب سے لوگ وفود کی شکل میں لگاتار آکر میرا حوصلہ بڑھارہے ہیں۔ اس ملاقات میں پارٹی کے قومی صدر کے ساتھ پارٹی کے دہلی اسٹیٹ کے جنرل سیکرٹری جناب محمد عاف اخلاق اور فریٹرنیٹی موومنٹ کے جنرل سیکرٹری جناب لبید صاحب بھی تھے-