ایران کی انسانی حقوق کی علمبردار سرگرم کارکن نرگس محمدی کو خواتین پر زیادتیوں کے خلاف اُن کی جد و جہد کے صلے میں 2023 کا نوبیل امن انعام دیئے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وہ ایسی 19 ویں خاتون ہیں، جنہیں نوبیل امن انعام دیا جائے گا۔ نرگس محمدی، اِن دنوں جیل میں بند ہیں۔ وہ ایران میں انسانی حقوق کی علمبردار سرکردہ سرگرم کارکنوں میں سے ایک ہیں۔محترمہ نرگس محمدی کو 13 مرتبہ گرفتار کیا گیا، پانچ بار قصوروار ٹھہرایا گیا، مجموعی طور پر 31 سال کی قید کی سزا سنائی گئی اور 154 کوڑوں کو سامنا کرنا پڑا۔ناروے کی نوبیل کمیٹی نے ایران میں خواتین پر جبر و ظلم کے خلاف اُن کی جد و جہد اور انسانی حقوق کو فروغ دینے اور سبھی کیلئے آزادی کی خاطر اُن کی مہم کے اعتراف میں ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔