کرد فائٹرز نے عرب جنگجوؤں کی مدد سے شام کے شہر شدادی پر قابض عسکریت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کو پسپا کر دیا ہے۔ شام کے شمال مشرقی صوبے الحَسَکہ میں شدادی کا شہر جہادیوں کے قبضے میں آخری مقام تھا۔ گزشتہ بدھ سے اِس پر قبضے کے لیے کرد عسکری تنظیم پیپلز پروٹیکشن یونٹس کے گوریلوں نے اپنے عرب ساتھیوں کے ہمراہ قبضے کی مہم شروع کر رکھی تھی۔ شدادی پر قبضے کی تصدیق سیریئن آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے اپنے مقامی ذرائع سے کی ہے۔ قبضے کی اِس مہم میں کرد فائٹرز کو امریکی اتحادیوں کے فضائی حملوں کا تعاون بھی حاصل تھا۔ اِس شہر پر گزشتہ دو برسوں سے ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبضہ کر رکھا تھا۔