AMN
پاکستانی وزیر داخلہ احسن اقبال کو نارووال ميں سياسی سرگرميوں کے دوران ايک شخص نے فائرنگ کر کے زخمی کر ديا۔ ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے جبکہ حملہ آور کو گرفتار کيا جا چکا ہے۔
احسن اقبال اپنے انتخابی حلقے میں ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرنے کے بعد لوگوں سے مل رہے تھے کہ وہاں موجود ایک بائیس سالہ نوجوان، جس کا نام عابد بتايا جا رہا ہے، نے تيس بور کے پستول سے پندرہ گز کے فاصلے سے ان پر فائرنگ کر دی۔ احسن اقبال کو بازو میں گولی لگی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر نارووال کے مقامی ہسپتال منتقل کر ديا گیا۔ ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
نارووال کے پولیس حکام نے مشتبہ شخص کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔ ملزم عابد سے ملنے والی ابتدائی معلومات کے مطابق، وہ اس حملے کی منصوبہ بندی کر کے اس کارنر میٹنگ میں شریک ہوا تھا۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حساس اداروں نے پانچ دن پہلے نارووال میں احسن اقبال پر ممکنہ حملے کے بارے میں خبردار کیا تھا۔