وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آج کا نیا بھارت پالیسی اور حکمتِ عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور اُس نے نئے مواقع کے لیے دروازے کھول دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 21 ویں صدی کی تیسری دہائی، بھارت میں روزگار اور خود کے روزگار کے مواقع کا مشاہدہ کر رہی ہے، جس کے بارے میں پہلے سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ وزیر اعظم ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے قومی روزگار میلے میں تقریباً 71 ہزار نئے لوگوں کو نوکری کے خطوط سونپنے کے بعد اظہار خیال کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سرکار ایک ترقی یافتہ بھارت کے ویژن کو پورا کرنے کے لیے صلاحیتوں اور نوجوان توانائی کو صحیح مواقع عطا کرنے کے تئیں عہد بند ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہے اور دنیا بھارت کو ایک اُبھرتے ہوئے مقام کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آتم نربھر بھارت ابھیان گاﺅں سے لے کر شہر تک روزگار کے کروڑوں مواقع پیدا کرنے کا ابھیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل ہی مدھیہ پردیش میں 22 ہزار اساتذہ کو نوکری کے خط دیے گئے ہیں، جو کہ ملک کے نوجوانوں کے تئیں سرکار کے عہد کی عکاسی ہے۔