حکومت نے آج کہا کہ اس نے ملک میں پیاز کی قیمتوں میں اعتدال پیدا کرنے اور فراہمی کے تئیں کئی اقدامات کئے ہیں۔نئی دلی میں میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے صارفین کے امور کی سکریٹری Leela Nandan نے بتایا کہ آج سے پیاز اسٹاک کرنے کی حد مقرر کردی گئی ہے۔ تھوک دوکاندار 25 میٹرک ٹن جبکہ خردہ دوکاندار 2 میٹرک ٹن تک پیاز اسٹاک کرسکتے ہیں۔ یہ حد 31 دسمبر 2020 تک جاری رہے گی۔ پیاز کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کیلئے حکومت نے 14 ستمبر کو پیاز کی برآمد پر پابندی کا اعلان کیا تھا تاکہ خریف پیاز کی متوقع آمد سے پہلے تک گھریلو صارفین کو مناسب قیمتوں پر پیاز کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزارت نے کہا کہ پیاز کی قیمت میں بڑھوتری میں کافی حد تک اعتدال آیا ہے۔ لیکن مہاراشٹر، کرناٹک، آندھراپردیش اور مدھیہ پردیش کے پیاز کی کاشتکاری کرنے والے ضلعوں میں حالیہ زبردست بارش کے سبب خریف فصل کے نقصان کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے حکومت نے ربیع فصل 2020 کی پیاز کے ایک لاکھ میٹرک ٹن فاضل ذخیرے کی تقسیم کاری میں اضافہ کردیا ہے۔