برسلز میں ہونے والے بم دھماکوں کی عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ترجمان کی طرف سے جاری ہونے ٹوئٹر پیغام کے مطابق یورپ ایک عالمی خطرے کا سامنا کر رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو یورپ بھر میں پھیلانا چاہیے۔ فرنسیسی صدر فرانسوا اولانڈ کے مطابق یہ بین الاقوامی قتل ہے، برسلز پر، بیلجیم پر اور یورپ پر سخت حملہ کیا گیا ہے۔ اطالوی وزیراعظم ماتیو رینزی کے مطابق اٹلی بیلجیم اور یورپی یونین کے شہریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور خوف، مذہبی منافرت اور نسل پرستی کو یورپ میں پنپنے کا موقع نہیں دیا جا سکتا۔ پاکستانی وزیراعظم نوازشریف کے مطابق، دہشت گردی کسی ایک ملک یا قوم کے لیے نہیں بلکہ تمام انسانیت کے لیے خطرہ ہے اور یہ بہترین موقع ہے کہ آئندہ نسلوں کو محفوظ بنانے کے لیے اس خطرے سے مل کر نمٹا جائے۔ اس کے علاوہ دیگر یورپی اور بین الاقوامی رہنماؤں کی طرف سے بھی ان حملوں کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔