@ECISVEEP
انتخابی کمیشن نے آج پانچ ریاستوں، راجستھان، مدھیہ پردیش، تلنگانہ، چھتیس گڑھ اور میزورم میں اسمبلی انتخابات کیلئے تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ چھتیس گڑھ میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 7 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے، جبکہ دوسرے مرحلے کا چناؤ 17 نومبر کو ہوگا۔ میزورم میں 7 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے، جبکہ مدھیہ پردیش میں 17 نومبر کو، راجستھان میں 23 نومبر کو اور تلنگانہ میں 30 نومبر کو انتخابات ہوں گے۔ سبھی ریاستوں کیلئے ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی۔
نئی دِلی میں میڈیا کو تفصیل بتاتے ہوئے اعلیٰ انتخابی کمشنر راجیو کمار نے کہاکہ ان پانچ ریاستوں میں انتخابات اِس اعتبار سے اہمیت کے حامل ہیں کہ 2024 کے عام انتخابات سے قبل یہ آخری اسمبلی انتخابات ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ کمیشن، اِن پانچ ریاستوں میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ چناؤ کمیشن نے صاف ستھرے اور سب کی شمولیت والے انتخابی فہرستوں کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ اِن پانچ ریاستوں میں 679 اسمبلی سیٹیں اور 16 کروڑ رائے دہندگان ہیں۔ اِن انتخابات میں تقریباً 60 لاکھ رائے دہندگان ایسے ہیں، جو پہلی بار اپنے حق رائے دہی کا استعمال کررہے ہیں۔ کمیشن نے سبھی پانچ ریاستوں کا دورہ کیا تھا اور وہاں کے CEOs، ضلع اور ریاستی انتظامیہ اور مرکزی اور ریاستی انفورسمنٹ ایجنسیوں کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی تھی۔ ان ریاستوں میں 17 ہزار 734 ماڈل پولنگ اسٹیشنز ہوں گے۔ 621 پولنگ بوتھوں کا انتظام PWD اسٹاف سنبھالیں گے۔