ترک وزارت خارجہ کے مطابق ترکی اور سعودی عرب شام میں فعال انتہا پسند تنظیم داعش کے خلاف زمینی کارروائی شروع کر سکتے ہیں۔ آج جاری کردہ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض ان جہادیوں کے خلاف کارروائی کے لیے ترک ایئر بیس پر جنگی طیارے بھی تعینات کر رہا ہے۔ ترک وزیر خارجہ کے مطابق اگر حکمت عملی طے پا جاتی ہے تو دونوں ممالک شام میں زمینی کارروائی شروع کر سکتے ہیں۔ سعودی عرب شام میں زمینی کارروائی کے لیے مشروط حامی بھر چکا ہے۔
بشار الاسد اقتدار میں نہیں رہیں گے، سعودی عرب
سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ شامی صدر بشار الاسد مستقبل میں صدر نہیں رہیں گے اور روسی جنگی طیاروں کی بمباری انہیں اقتدار میں رہنے میں مدد نہیں دے گی۔ ایک جرمن اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دہرایا کہ اگر اتحادی فورسز شام میں داعش کے خلاف خصوصی فورسز تعینات کرنے کا فیصلہ کرتی ہے تو ریاض حکومت ان کے ساتھ ہو گی۔ الجبیر کے مطابق جب تک صدر اسد اقتدار میں ہیں، تب تک داعش کو شکست دینا مشکل ہو گا۔